میسور،29مارچ (ایس او نیوز؍یواین آئی ) وزیراعلیٰ سدرامیا نے آج اعلان کیا کہ وہ مئی میں منعقد شدہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ چامنڈیشوری سے مقابلہ کریں گے ۔سدرامیا نے 7مرتبہ حلقہ چامنڈیشوری سے مقابلہ کیا اور 5مرتبہ کامیاب قرار دیئے گئے ۔منڈاکلی ایرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ جنتادل ایس کے ریاستی صدر اور سابق وزیراعلیٰ کمار سوامی کو آیا یہ معلوم ہے کہ کتنے مرتبہ میں نے چامنڈیشوری حلقہ سے مقابلہ کیا۔میں نے 7مرتبہ اس حلقہ سے مقابلہ کیا اور 5مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ علاوہ ازیں دو مرتبہ شکست سے دوچار ہوا۔ مجھے اس حلقہ کے عوام پر بھروسہ ہے اور میں اس حلقہ سے مقابلہ کروں گا۔
سدرامیا نے کہا کہ اُنہیں کمار سوامی سے سیاسی مشورہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے کل دورۂ میسور کا حوالہ دیتے ہوئے سدرامیا نے کہا کہ بی جے پی کے صدر امیت شاہ مجھ سے خوف کھائے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں جہاں بھی جارہا ہوں وہ میرا تعاقب کررہے ہیں۔ جہاں وہ جانا چاہتے ہیں جانے دیجئے ۔ میں اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ یہ ان کا شخصی دورہ ہوگا۔ شاہ نے کہا کہ میں ہندو نہیں ہوں ۔ مسٹرسد رامیا نے مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ یڈ یورپا جو کرپشن کے الزامات کے تحت جیل گئے ہیں مجھے بدعنوان کہتے ہیں۔ کاویری تنازعہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے لئے میں نے کل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔یدی یورپا ' جگدیش شیٹر ' کمارا سوامی ' دیوے گوڑا نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ صرف بی جے پی کے لیڈران سدانندگوڑا اور اننت کمار نے اجلاس میں شرکت کی۔ میں نے واضح طور پر ان سے کہہ دیا کہ مرکزمیں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ہم سپریم کورٹ کے ہدایت کے مطابق عمل کریں گے ۔ اگر کوئی غلطی ہوتی ہے تو اس کے لئے وہی ذمہ دار ہوں گے ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے متعلق ایک سوال پر سدرامیا نے کہاکہ امیت شاہ کو ان سے ڈر لگتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امیت شاہ ریاست کے جس حصے میں جانا چاہتے ہیں جائیں اور ان پر جو بھی نکتہ چینی کرنا چاہتے ہیں بے روک کریں ، لیکن ریاستی عوام ان کی باتوں پر توجہ نہیں دیں گے۔ سدرامیا نے کہاکہ امیت شاہ ریاست کے عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔